باجوڑ میں فائرنگ سے پی ٹی آئی کا حمایت یافتہ امیدوار جاں بحق.

باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ امیدوار ریحان زیب جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، نامعلوم افراد نے صدیق آباد میں ریحان زیب پر فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہوئے۔ پی ٹی آئی نے ریحان زیب کو قتل کرنے کی شدید مذمت کی۔ ترجمان نے کہا کہ دہشتگرد کارروائیاں انتخابات کی ساکھ اور شفافیت پر بڑا سوالیہ نشان ہیں، سبی میں ریلی پر حملہ اور باجوڑ میں امیدوار کے قتل کی ذمہ دار نگراں حکومتیں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ امیدواروں کے تحفظ کی ذمہ داری میں نگراں حکومت ناکام ہو چکی، مقتول کے قتل کی فوری تحقیقات اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، امیدواروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ امیدوار کے قتل کا واقعہ پیش آنے کے باعث این اے 8 اور پی کے 22 پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا۔